سیول۔ الیکٹرانکس مصنوعات بنانے والی جنوبی کوریا کی کمپنی سیمسنگ نے اس
اگست میں لانچ کئے گئے گلیکسی نوٹ۔ 7 میں آگ لگنے کی تکنیکی تفتیش تک یہ
فون رکھنے والے صارفین کو اس کا استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کمپنی نے
آج بتایا کہ اس نے فی الحال اسے بنانا بھی روک دیا ہے۔ اس سے ان قیاس
آرائیوں کو تقویت ملی ہے کہ کمپنی اپنے فلیگ شپ ڈیوائس بنانے کو ہمیشہ کے
لئے روک سکتی ہے۔ تاہم، اس کے ترجمان نے کہا کہ ابھی اس طرح کا کوئی فیصلہ
نہیں کیا گیا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون کمپنی نے کہا کہ اس نے عالمی فون کیریئروں سے
نوٹ۔ 7 کی فروخت روک دینے کے لئے کہا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ نوٹ 7 کی جگہ
صارفین کو کمپنی کی دوسری مصنوعات دی جائیں یا پیسے واپس کئے جائیں ۔ ایک
بیان میں کمپنی نے کہا، "جن صارفین کے پاس گلیکسی نوٹ۔ 7 ڈیوائس ہے وہ اسے
سوئچ آف کرکے رکھیں اور اس کا استعمال نہ کریں۔ معاملے کی جانکاری رکھنے
والے ایک ذریعے نے بتایا کہ 15 ستمبر سے پہلے بنے نوٹ۔ 7 کی جگہ پر دیئے
گئے متبادل فون میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد ریگولیٹریز، فون کیریئروں اور
ائرلائنس کے ذریعہ لگائی گئی پابندی کے بعد کمپنی مستقل طور پر نوٹ۔ 7 کی
تیاری بند کرنے پر غور کر رہی ہے